سیاسی زندگی میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے لیکن انتقامی سیاست کبھی بھی ملک کے مفاد میں نہیں رہی ، خواجہ آصف
سیاسی حکومتیں پہلے بندہ پکڑتی ہیں پھر سوچتی ہیں کہ چارج کیا لگانا ہے؟ 2020 میں پی ٹی آئی دور میں نیب کی قید میں 6 ماہ رہا، مجھے قید کرنے والے بھی نہیں بتا سکےکہ میرے خلاف چارج کیا ہے؟ وزیر دفاع کا خطاب

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاسی حکومتیں پہلے بندہ پکڑتی ہیں پھر سوچتی ہیں کہ چارج کیا لگانا ہے؟ خود مجھے قید کرنے والے بھی نہیں بتا سکے کہ ان کے خلاف چارج کیا ہے؟ کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ تھک گیا ہوں، پرسوں مولانا سے ملاقات ہوئی تو محسوس ہوا کہ ابھی دم خم ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے سالانہ کانووکیشن میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی زندگی میں متعدد درس گاہوں نے انہیں عزت دی ہے اور پڑھے لکھے اور ہنرمند نوجوان ہی ملکی ترقی میں مرکزی اور اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سیاسی حکومتیں پہلے بندا پکڑتی ہیں پھر سوچتی ہیں چارج کیا لگانا ہے، خواجہ آصف https://t.co/QCAUyIa8LN
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) October 31, 2026
آج یہ قابلِ فخر بات ہے کہ پاکستان کا عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام ہے، معرکہِ حق کی عظیم فتح کے بعد وطنِ عزیز کو سفارتی سطح پر وہ مقام ملا ہے جو پاکستان کو گزشتہ 78 سال میں نہ مل سکا، ہم نے اسلامی دنیا کو ایک نئی راہ دکھائی ہے کیونکہ سمندر پار کسی بھی طاقت کے اڈے آپ کی حفاظت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار اڈے دراصل ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کیے جاتے ہیں جبکہ حقیقی حفاظت ہمیشہ اپنے دست و بازو اور اپنی قوت پر ہوتی ہے، جس طرح پاکستان نے اپنے پانچ گنا بڑے دشمن ہندوستان کو شکستِ فاش دی، سب سے بڑا غیر ملکی اڈا صیہونی ریاست کی حفاظت کے لیے بنایا گیا تھا اور یہ ہمارے عرب بھائیوں کی غلط فہمی تھی کہ یہ اڈے ان کے تحفظ کے لیے بنے ہیں، تاہم پاکستان نے ایران اور عرب بھائیوں کے درمیان فاصلوں اور اختلافات کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اپنے سیاسی سفر اور داخلی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ میں ایک سیاسی آدمی ہوں لیکن درس گاہوں کے احترام میں کبھی سیاسی گفتگو نہیں کرتا، سیالکوٹ کے عوام نے مجھے 36 سالہ سیاسی سفر میں ہمیشہ بے پناہ عزت سے نوازا ہے، اس طویل سفر کے دوران وہ چار سے پانچ بار قید ہوئے اور متعدد بار حوالات کی ہوا کھائی، پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں وہ 7 ماہ تک جیل میں رہا ہوں مگر قید کرنے والے ادارے میرے کے خلاف کیس کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیب جیسے اداروں کا یہ المیہ رہا ہے کہ وہ پہلے کسی کو پکڑتے ہیں اور پھر سوچتے ہیں کہ اس پر کیس کیا بنانا ہے، اور افسوس کہ وطنِ عزیز کی 78 سالہ تاریخ کی یہی داستان رہی ہے، کبھی کبھار لگتا تھا کہ میں اب سیاست کر کے تھک چکا ہوں، لیکن اس روز جب قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردِعمل دیا تو احساس ہوا کہ مجھ میں ابھی کافی دم خم باقی ہے، اسمبلی کے فلور پر بھی کئی بار کہا ہے کہ سیاستدانوں کو اپنا احتساب خود کرنا چاہیے۔
عسکری قیادت کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کامیابیوں کا سفر تیزی سے جاری ہے اور پاکستان دہائیوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے، پاکستان اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے لیے بھی انتہائی اہم اور فعال کردار ادا کر رہا ہے، معرکہِ حق کے بعد خود ہندوستان کے رہنماؤں نے اپنی شکست تسلیم کی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 11 بار بھارتی شکست اور 70 بار بھارتی جنگی طیاروں کے گرنے کا ذکر کر چکے ہیں، اللہ تعالیٰ دنیا میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی ان تمام کوششوں کو کامیاب فرمائے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم نے خود سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، جنگیں پہلی بھی ہوئیں لیکن کوئی نہ کوئی ابہام رہ جاتا تھا، یہ پہلی جنگ تھی بھارت کے ساتھ جس میں کوئی ابہام نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے خود تسلیم کیا، اس کی فوج نے تسلیم کیا، یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، افواجِ پاکستان کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔
مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ میں نے اسمبلی میں کہا کہ اپنا نصاب درست کریں، ایک دلچسپ بات بتاتا ہوں، کوئی تعلیم کی وزارت نہیں لیتا، کہتے ہیں اس میں کیا رکھا ہے اس میں ٹور ٹپہ نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے میں ارتقا ہوا ہے۔
