مریم نواز کے چوہدری سالک کو نوٹس پر چوہدری شافع کا ردعمل، بھائی سے لاتعلقی کا تاثر مسترد

چوہدری سالک نے اپنی گفتگو میں وزیر اعلیٰ یا پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا، وہ اس نظام کی بدعنوانی کا ذکر کر رہے تھے جس کے وجود پر ہم سب متفق ہیں۔ ہم تمام سیاست دانوں کو زیادہ متحمل ہونا چاہیے اور غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے، ایکس پر بیان


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس بھجوائے جانے پر چوہدری شافع حسین کا ردعمل سامنے آگیا۔ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی سے لاتعلقی اختیار کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی اپنے بھائی سے دور نہیں ہوئے اور نہ ہی ایسا کریں گے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر چوہدری شافع حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے چھوٹے بھائی ایک آزاد شخصیت ہیں اور ان کی اپنی رائے ہے۔
ممکن ہے انہیں ایسی معلومات حاصل ہوں جن سے وہ خود آگاہ نہیں۔ چوہدری سالک حسین نے اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب یا صوبائی حکومت کا نام نہیں لیا تھا، بلکہ ان کے خیال میں وہ مجموعی طور پر نظام میں موجود بدعنوانی کی نشاندہی کر رہے تھے، جس کے وجود پر سب متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دانوں کو زیادہ برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے ایک ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے۔
سیاسی اختلافات کو باہمی گفتگو کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ انہیں مزید بڑھایا جائے۔


چوہدری شافع حسین نے پرویز الٰہی کے دور حکومت سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے دراصل 2003 سے 2008 کے دوران پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کی حکومت کا حوالہ دیا تھا، جس وقت چوہدری شجاعت حسین پارٹی کے صدر تھے۔
ادھر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے چوہدری سالک حسین کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی مسلم لیگ (ن)آفیشل اکانٹ سے شیئر کی گئی ہے۔چوہدری سالک حسین کے ساتھ نجی ٹی وی کے میزبان نعیم اشرف بٹ اور چینل کے چیئرمین کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔
متن میں لکھا گیا ہے کہ انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے گئے، چوہدری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا۔وزیراعلی مریم نواز کے وکیل کے مطابق چوہدری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جبکہ قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیا گیا۔
قانونی نوٹس میں نجی ٹی وی کے میزبان پر بھی مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے اور بحث کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔قانونی نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر وزیراعلی مریم نواز اور پنجاب حکومت اور کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert