پنجاب حکومت کا کھاد کی قیمتوں، معیار اور عدم دستیابی سے متعلق کسانوں کی شکایات کے ازالے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن شروع کرنے کا اعلان
کسان کھاد کی زائد قیمتوں، ناقص معیار اور مارکیٹ میں عدم دستیابی کی شکایات 0800-17000 پر درج کرا سکیں گے، ہیلپ لائن روزانہ صبح 8 سے رات 8 بجے تک فعال رہے گی، تمام اقسام کی کھاد سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے انتظامات مکمل ہیں، محکمہ زراعت

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کھاد کی قیمتوں، معیار اور دستیابی سے متعلق کسانوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی ٹول فری ہیلپ لائن قائم کردی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام کے مطابق کسان کھاد سے متعلق اپنی شکایات براہِ راست محکمہ زراعت میں درج کرانے کے لیے ٹول فری نمبر 0800-17000 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ہیلپ لائن روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک فعال رہے گی، جہاں کسان کھاد کی قیمتوں میں اضافے، ناقص معیار اور مارکیٹ میں عدم دستیابی سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔
محکمہ زراعت کے مطابق اس وقت فاسفورس اور نائٹروجن پر مبنی کھادیں مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ پنجاب بھر میں تمام اقسام کی کھاد سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمے کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں کسانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں، جبکہ مقامی مارکیٹوں میں کھاد کے معیار اور قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
محکمہ زراعت نے مزید بتایا کہ کھاد کی پیداوار، درآمدات اور سپلائی کے معاملات پر وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ زرعی شعبے کی ضروریات کے مطابق کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔
دوسری جانب کھاد ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ کسان مقررہ قیمتوں سے آگاہ رہ سکیں اور زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف شکایات درج کرا سکیں۔
محکمہ زراعت کے مطابق کسان ٹول فری ہیلپ لائن پر کھاد کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی، ناقص معیار اور مارکیٹ میں کھاد کی قلت سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کے اس اقدام کا مقصد کسانوں کو کھاد کی فراہمی میں درپیش مشکلات دور کرنا، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانا اور صوبے بھر میں کھاد کی دستیابی و معیار کی مؤثر نگرانی کرنا ہے۔
