واٹس ایپ کی نیا فیچر ’زیپس‘ متعارف کرانے کی تیاری، تصاویر اور ویڈیوز صرف ایک بار دیکھی جاسکیں گی

واشنگٹن 0قدرت روزنامہ)واٹس ایپ نے انسٹاگرام سے ملتا جلتا نیا فیچر متعارف کرانے پر کام شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے صارفین فوری طور پر تصاویر اور ویڈیوز بھیج سکیں گے جو وصول کرنے والا صرف ایک بار دیکھ سکے گا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’واٹس ایپ بیٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ نے اپنے پہلے سے زیرِ تیاری فیچر ’انسٹنٹس‘ کا نام تبدیل کرکے ’زیپس‘ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن 2.26.46.2 میں سامنے آیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ کے چیٹس ٹیب میں بجلی کے نشان والے بٹن پر کلک کرکے فوری طور پر تصویر یا ویڈیو بنا سکیں گے اور اپنے رابطوں کو بھیج سکیں گے۔ وصول کنندہ بھیجی گئی تصویر یا ویڈیو صرف ایک بار دیکھ سکے گا، جس کے بعد وہ غائب ہوجائے گی۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اس فیچر کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کی سہولت کو مزید وسیع کرنے پر بھی کام کررہا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف باہمی رابطوں تک محدود تھی، تاہم اب صارفین کسی بھی رابطے اور گروپ میں زیپس بھیج سکیں گے۔ مستقبل میں چینلز میں بھی یہ سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

زیپس وصول کنندہ کو عام پیغامات کی طرح چیٹ میں ہی نظر آئیں گے۔ اگر ایک ہی گفتگو میں متعدد زیپس بھیجے جائیں تو واٹس ایپ انہیں الگ الگ پیغامات کے بجائے ایک جگہ جمع کرکے تعداد بھی ظاہر کرے گا، مثلاً 2 زیپس۔

وصول کنندہ زیپ کھولنے کے بعد اس پر کسی بھی ایموجی کے ذریعے ردعمل دے سکے گا اور جوابی پیغام بھی بھیج سکے گا۔ تاہم تصویر یا ویڈیو دیکھنے کے بعد وصول کنندہ کے لیے غائب ہوجائے گی، جبکہ بھیجنے والے کو یہ چیٹ میں مستقل نظر آتی رہے گی۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق زیپس کی ترسیل بھیجنے والے اور وصول کنندہ کے درمیان اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہوگی، جس سے صرف دونوں صارفین ہی انہیں دیکھ سکیں گے۔

فی الحال یہ فیچر تیاری کے مراحل میں ہے اور بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔ واٹس ایپ نے اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔

WhatsApp
Get Alert