بلاول بھٹو نے ٹی وی انٹرویوز میں کن سیاسی اور قومی امور پر بات کی؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کسی بھی فیصلے میں تمام سیاسی اور متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، زبردستی کوئی فیصلہ مسلط کیا گیا تو اس کا ردعمل سامنے آئے گا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی ختم کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ’سیاسی ری سیٹ‘ کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

3 مختلف نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں شاہزیب خانزادہ، وسیم بادامی اور عاصمہ شیرازی کو دیے گئے انٹرویوز میں بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کی کارکردگی، کراچی میں امن و امان، تعلیم، 18ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے مطالبے اور ملکی سیاسی صورت حال پر اظہار خیال کیا۔

شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کی کارکردگی میں بہتری کی گنجائش تسلیم کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو ہر 5 سے 10 سال بعد سیلاب جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن سے تعلیمی اداروں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ان کے مکمل مالی وسائل نہیں مل رہے۔ ان کے مطابق سندھ کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں واجب الادا رقم مل جائے تو تعلیم اور سیف سٹی منصوبوں سمیت کئی شعبوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

کراچی میں سیف سٹی منصوبے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف اداروں کے انتظامی دائرہ اختیار کے باعث مسائل ہیں، تاہم کیمروں کا نظام نصب کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی روڈ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کی ذمہ داری فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو دے دی گئی ہے اور وزیراعلیٰ نے بھی منصوبے کی تکمیل کی ذمہ داری لی ہے۔

وسیم بادامی سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں احتساب کا نظام سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے اور اس پر اعتماد کا فقدان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ احتساب کا ایسا نظام قائم ہو جو سیاسی انتقام کا ذریعہ نہ بنے۔

عاصمہ شیرازی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق بحث کا آغاز انہوں نے نہیں کیا، تاہم کسی وفاقی وزیر یا حکومتی عہدیدار نے اب تک ان سے اس معاملے پر باضابطہ مشاورت نہیں کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود بات چیت اور ایک دوسرے کی رائے برداشت کرنا جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ حکومتی کارروائیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سیاسی اختلاف کا جواب کسی کا گھر گرانے یا کارکنوں کو گرفتار کرنے کی صورت میں نہیں دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں سیاست دانوں کو باہمی لڑائی کے بجائے عوامی مشکلات کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert