دلہن کی سرکاری نوکری کا بھانڈا پھوٹنے پر دولہا نے شادی توڑ دی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ)بھارت میں دلہن کی سرکاری نوکری کا بھانڈا پھوٹنے پر دولہا نے شادی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب مذکورہ شخص کے دوست نے ’ریڈٹ‘ پر اس واقعے کی تفصیلات شیئر کیں اور لکھا کہ ان کی منگنی ایک ’میٹریمونیل‘ (رشتہ تلاش کرنے والی) موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے تعارف ہونے کے بعد ہوئی تھی بعد ازاں خاتون کی تعلیم اور ملازمت کی تفصیلات دونوں خاندانوں کے درمیان اختلاف کا باعث بن گئیں۔
ریڈٹ پوسٹ کے مطابق خاتون نے ایک نجی کالج سے بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور وہ ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں کام کرتی تھیں تاہم ان کی ملازمت عارضی نوعیت کی تھی جس کا ذکر انہوں نے اپنی پروفائل میں نہیں کیا تھا۔
خاتون نے اپنے ہونے والے شوہر کے لیے کچھ شرائط بھی رکھی تھیں جن میں ایک مخصوص حد سے زیادہ آمدنی، ذاتی گھر اور گاڑی کی ملکیت، اور قد کا لمبا ہونا شامل تھا۔
مرد کی پروفائل میں اس کا قد 5 فٹ 5 انچ درج تھا لہٰذا خاتون کو اس کے قد کے بارے میں پہلے ہی علم تھا۔
پوسٹ کے مطابق مرد نے ایک معروف تعلیمی ادارے سے انجینئرنگ کی ڈگری اور بیرون ملک کسی یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور وہ ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ میں بطور سائنسدان کام کرتے تھے اچھی تنخواہ پاتے تھے اور ایک خوشحال طرز زندگی گزار رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات طے پا چکے تھے اور شادی کی تاریخ بھی مقرر کر دی گئی تھی تاہم جب مرد کے خاندان کو معلوم ہوا کہ خاتون کی سرکاری ملازمت عارضی ہے تو انہوں نے منگنی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل دیا جارہا ہے، کچھ صارفین نے مرد کے خاندان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت کی اصل حیثیت کو چھپانے سے اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اہم تفصیلات شروع ہی سے واضح ہونی چاہئیں خاص طور پر شادی کے معاملے میں سچ بولنا چاہیے۔
دوسری جانب کچھ لوگوں نے خبردار کیا کہ صرف ایک فریق کی جانب سے بیان کردہ تفصیلات کی بنیاد پر کسی بھی فریق کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔
