ریفرنڈم پر گزشتہ روز وزیر اعظم اور صدر کی اہم ملاقات ہوگئی ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم پر گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی اہم ملاقات ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق عوامی رائے روکی نہیں جا سکتی، صوبوں پر عوام کی رائے آنی چاہیے اور اسے مقدم رکھنا چاہیے، عوام کی جو بھی رائے آئے گی اس کے بعد آگے کا عمل کیا جائے گا۔
گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تمام معاملات کا حل مشاورت سے نکالنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں کہا گیا کہ گزشتہ آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں۔
ترجمان ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں صوبوں کے حوالے سے گفتگو کا ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی پیپلز پارٹی ذرائع کی جانب سے کچھ بتایا گیا۔
