یہ خلائی مشن صرف آغاز ہے، اختتام نہیں، قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے: احسن اقبال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن کے حوالے سے کہا ہے یہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی روانگی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو-24 کے تین خلابازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت تاریخی موقع ہے، تین خلابازوں میں پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی بھی شامل ہیں، اس تاریخی لمحے کے حوالے سے اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ٹی وی اسکرینز پر یہ یادگار لمحات دیکھ رہی ہے، پوری قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے جو چینی خلابازوں کے ہمراہ خلائی مشن پر روانہ ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امید ہے کہ نوجوان اس یادگار موقع کو دیکھ کر خلائی تحقیق اور خلابازی کے شعبے کی جانب راغب ہوں گے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک نئے سفر کی شروعات ہے، اختتام نہیں، یہ تاریخی لمحات آنے والی نسلوں کے لیے بھی حوصلے اور تحریک کا ذریعہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کےہزاروں افراد صبح سویرے یہاں جمع ہوئے، یہ تاریخ رقم ہونےکا لمحہ اور ایک خواب کی تعبیر ہے، 2017-18 میں چینی دوستوں سے باربار کہتا تھا کہ سی پیک کے تحت تعاون کو خلا تک وسعت دینی چاہیے، چینی خلائی مشن پر پاکستانی خلاباز ہمارا اگلا قدم ہونے خواب آج حقیقت بن گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ میں پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کو اپنے خلائی جہاز کی جانب بڑھتے دیکھ رہا ہوں، ہمارے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر اس سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہو سکتا تھا، پاک چین دوستی زندہ باد! ۔

WhatsApp
Get Alert