پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا نظارہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا نظارہ کیا گیا، گرین وچ معیاری وقت کے مطابق نظارہ دوپہر دو بج کر ترپن منٹ پر اور پاکستان میں رات سات بج کر ترپن منٹ پر دیکھا گیا۔
آج رات آسمان پر چاند عام دنوں سے کہیں زیادہ نمایاں ہے، پاکستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں مکمل چاند کا یہ دلکش نظارہ دیکھا جا رہا ہے، جسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
سپر مون کی خاص بات یہ ہے کہ اس موقع پر چاند اپنے مدار میں زمین کے نسبتاً قریب ہوتا ہے، اسی وجہ سے یہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق اس کی چمک میں تقریباً 30 فی صد اور ظاہری حجم میں 14 فی صد تک اضافہ محسوس ہو سکتا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نومبر کا یہ سپر مون بھی زمین سے چاند کے قریب ہونے کے باعث غیرمعمولی طور پر روشن دکھائی دے رہا ہے، امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے کئی خطوں میں بھی لوگ اس نظارے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
اس سپر مون کے نام کا تعلق شمالی امریکا میں پائے جانے والے بیور نامی آبی جانور سے ہے۔
روایتی طور پر نومبر میں سردیوں کی شدت بڑھنے اور پانی کے ذخائر جمنے سے پہلے بیور اپنے ٹھکانے مضبوط کرتے اور خوراک جمع کرتے ہیں، اسی موسمی سرگرمی کی مناسبت سے نومبر کے مکمل چاند کو بیور مون کہا جانے لگا۔
2026 کا پہلا سپر مون جنوری میں نظر آیا تھا، رواں سال کا یہ دوسرا سپر مون ہے، جبکہ رواں سال کا آخری سپر مون 23 اور 24 دسمبر کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔
