کراچی: بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 3 ملزمان گرفتار، اسلام آباد سے چوری کار بھی برآمد


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں عزیز بھٹی پارک کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے کے بعد بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق عزیز بھٹی پارک کے قریب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 مبینہ کار لفٹر زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نقیب اللہ، محمد سلیم اور علی رضا کے نام سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کی حدود سے چوری کی گئی گاڑی برآمد کرلی گئی، جبکہ 34 قیمتی موبائل فونز اور اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بدنام زمانہ کار لفٹر گروہ کے سرگرم کارندے ہیں، جو مختلف شہروں میں گاڑیاں چوری کرنے سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ گروہ مختلف شہروں میں کار لفٹنگ کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا، جبکہ گرفتار ملزمان کے بعض ساتھی پنجاب میں بھی پولیس مقابلوں کے دوران مارے جا چکے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے منتقل کردیا ہے، جبکہ گروہ کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert