شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست کو محلات سے نکال کر عام آدمی کی دہلیز تک پہنچایا: حیات خان اچکزئی

پیپلز پارٹی کے 59ویں یومِ تاسیس پر ملک بھر کے جیالوں کو مبارکباد، بلوچستان کو پارٹی کا ناقابلِ تسخیر گڑھ ثابت کرینگے، چیئرمین بلاول بھٹو آج ویڈیو لنک سے خطاب کرینگے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے پارٹی کے 59ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر کے جیالوں اور کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ملکی و عالمی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
یہاں سے جاری کردہ اپنے ایک تہنیتی بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ آج ہی کے دن قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے پسے ہوئے طبقات، محنت کشوں اور محکوم عوام کو استحصالی قوتوں اور سامراجی نظام کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ شہید بھٹو نے سیاست کو اشرافیہ کے محلات سے نکال کر عام آدمی کی دہلیز تک پہنچایا اور عوام کو حقیقی سیاسی شعور بخشا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی پیپلز پارٹی کا نظریہ ملک کے مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کے دلوں میں زندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کی ترجمانی کی ہے اور آج بھی یہ جماعت ملک کے محکوم عوام کی واحد حقیقی نمائندہ سیاسی قوت ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل اور ملک میں عوامی بالادستی کے قیام تک کارکنان کی جدوجہد بلا تفریق جاری رہے گی۔
حیات خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی ہدایات کی روشنی میں بلا رنگ و نسل عوامی خدمت میں مصروفِ عمل ہے اور شہدا کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ان شاء اللہ، ہم اپنی کارکردگی سے بلوچستان کو پیپلز پارٹی کا ناقابلِ تسخیر گڑھ ثابت کریں گے۔
بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس کے سلسلے میں آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شاندار تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کے جیالوں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ان تقاریب میں بھرپور شرکت کر کے انہیں تاریخی اور کامیاب بنائیں۔
