الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہم اپنا اختیار استعمال کریں گے، الیکشن کے لیے بالکل تیار ہیں، الیکشن ہوا تو بھرپور انداز میں لڑیں گے۔جاری کیے گئے بیان میں عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اس ملک اور اسمبلیوں سے کچھ لینا دینا نہیں، وہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان اور پرویز الہٰی کو ایک دوسرے کی معاونت کرنی ہے، ہمارے پاس اختیار ہے کہ ہم عدم اعتماد کے ذریعے ان کو روکیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم نےاسٹیبلشمنٹ کے کردار پر ہمیشہ بات کی ہے، اگر غلطیوں کو سدھار کر آگے بڑھا جائے تو اچھی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا، اللّٰہ تعالیٰ نے نواز شریف کو کامیابی دی۔عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ پرویز الہٰی اتنی بڑی توپ چیز نہیں ہیں جن کی وجہ سے ن لیگ اپنی پالیسی بدلے گی۔