جماعتِ اسلامی کے دوبارہ گنتی کے مطالبے پر اعتراض نہیں: سعید غنی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو جماعتِ اسلامی کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے پر اعتراض نہیں۔’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میئر کے لیے جماعتِ اسلامی سے بات کریں گے، ان کے اعتراضات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔سعید غنی نے کہا کہ وسطی اور کورنگی میں نتائج کی تاخیر پر احتجاج ہوا، دونوں میں پیپلز پارٹی کی چند ہی سیٹیں ہیں، پیپلز پارٹی کو بھی انتخابی نتائج کی تاخیر پر تشویش تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے جب دھرنے کا اعلان کیا تو میں نے کہا کہ نتائج میں تاخیر پر ہمیں بھی تشویش ہے، آپ کے پاس شواہد ہیں تو متعلقہ فورم پر جائیں۔پی پی کراچی کے صدر نے کہا کہ کمپین بنائی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی ہے، سینٹرل میں احتجاج ہو رہا تھا، جہاں پیپلز پارٹی نے 45 میں سے 5 نشستیں جیتیں، ملیر میں 30 میں سے 20 نشستیں جیتی ہیں، کورنگی میں پیپلزپارٹی نے 37 میں سے 5 نشستیں جیتی ہیں، اگر ڈی آر او غلط کر رہا تھا تو کورنگی میں ہماری 5 نہیں 20 سیٹیں ہونی چاہیے تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے ہماری توقع سے زیادہ نشستیں لے لی ہیں، حافظ نعیم سمجھ رہے تھے کہ میئر بن جائیں گے، نشستیں کم ملنے پر انہیں دھچکہ لگا۔سعید غنی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی حیدرآباد میں بھی جیتی ہے اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی، ہم نے کئی سالوں میں بہت محنت کی ہے، شہر میں کئی کام کیے، ضمنی انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک بڑھا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ووٹ کی دوبارہ گنتی پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نے کہا کہ ہم سنگل لارجسٹ پارٹی ہیں، میئر بنانا ہمارا حق ہے، پوری کوشش کریں گے کہ پیپلز پارٹی کا میئر کراچی میں آئے، پی ٹی آئی اس لائق ہی نہیں ہے کہ ان سے بات کی جائے، جماعتِ اسلامی سے بات چیت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، کراچی میں پینے کا پانی دستیاب نہیں، اس میں بہتری کی کوشش کریں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی تفریح کے پارکس بھی کم ہیں، اس پر توجہ دیں گے،شہر کے انفرا اسٹرکچر کا مسئلہ ہے اس کو بھی ایڈریس کریں گے، سیف سٹی کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ حیدر آباد کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا، ان کے شکر گزار ہیں، وہاں بھی پیپلز پارٹی نے کئی ترقیاتی کام کیے ہیں، حیدر آباد کے بھی تمام مسائل کو ایڈریس کریں گے اور حل کریں گے۔
صدر پی پی کراچی سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ حیدر آباد کے مسائل بھی تقریباً کراچی جیسے ہی ہیں، وہاں بھی اصولی طور پر میئر پیپلز پارٹی کا ہونا چاہیے، میئر کے امیدوار کا نام فائنل نہیں ہوا، اس پر ابھی مشاورت ہو گی۔