آسٹریلیا کے خلاف میچ، رمیز راجا کا پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کا مشورہ
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ بنگلورو کی بیٹنگ کیلئے سازگار حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم کو ایک ماہر کے حق میں ایک آل راؤنڈر کی قربانی دینی چاہیے۔
رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو پہلے بولنگ کرنا چاہیے اور پھر ہدف کے تعاقب کیلئے بیٹنگ کرنی چاہیے۔
پاکستان کے آخری میچ میں شکست کو مد نظر رکھتے ہوئے سابق پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے خلاف ایک اچھی بیٹنگ پچ پر بھی 200رنز کا ہدف نہیں دے پایا تھا لہذا آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو ہدف کے تعاقب کیلئے بعد میں بیٹنگ کرنا چاہیے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ بنگلورو کی پچ بیٹنگ لائن کیلئے سازگار ہوگی لہذا پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان کو اپنی بولنگ لائن مضبوط کرنا ہوگی، اگر ٹیم میں کسی ماہر کیلئے آل راؤنڈر کی قربانی دینا پڑے تو ٹیم کو یہ لازمی کرنا چاہیے۔