اسلام آباد

جے یو آئی کا ملاقات کی تصاویر جاری کرنا انتہائی نامناسب ہے، اسد قیصر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کا مولانا فضل الرحمان سے ہماری ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنا نامناسب ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے گھر ان کی خوش دامن اور باجوڑ سانحے کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے گھر تعزیت کے لیے جانا پختون کلچر کی روایت ہے اور اسی وجہ سے ہم مولانا فضل الرحمان کے گھر گئے تھے۔
اسد قیصر نے کہا کہ جے یو آئی کا ہماری ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنا انتہائی نامناسب بات ہے۔ مولانا فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اور ان کا انتخابات میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی جماعت ہے اور ہم اپنی پارٹی کے ایجنڈے، منشور اور نشان پر ہی انتخابات لڑیں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور لوگوں کی جانب سے سخت تبصرے کیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں