پنکی اور مٹھو کی لو اسٹوری: 18 سالہ دلہا نے دُگنی عمر کی کزن سے شادی کیسے ممکن بنائی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کہتے ہیں عُمر تو بس اعدادوشمار کا کھیل ہے، فیصل آباد میں ہونے والی ایک ’لومیرج‘ سے یہ مقولہ واقعی سچ لگتا ہے جہاں دلہا دلہن نے عمروں کے فرق کی پرواہ کیے بغیر محبت کو مقدم رکھا۔
سوشل میڈیا پر اس انوکھی شادی کی خبر خاصی وائرل ہے۔ 18 سالہ نوجوان نے اپنی 35 سالہ دور کی کزن سے لو میرج کی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین تک اس شادی کی اطلاع ایک یو ٹیوب چینل کو دیے جانے والے انٹرویو کے ذریعے پہنچی اور اب اس کے چرچے ہرطرف ہیں۔
انٹرویو میں دُلہا شہزاد اور دُلہن کومل نے بتایا کہ یہ شادی ہونا ہرگزآسان بات نہیں تھی کیونکہ عمر کے واضح فرق کے باعث ان دونوں کے لیےگھروالوں کو مناناخاصا مشکل کام ثابت ہوا۔
شہزاد کو کومل سے اس وقت پیار تھا جب وہ ابھی اسکول کا طالب علم تھا۔ ان کے خاندانوں کو ابتدا میں ان کی عمر کے فرق کے حوالے سے مسائل تھے اور شہزاد کو بھی کئی بار مارا پیٹا گیا لیکن آخر کار انہوں نے سب کو منا لیا۔
کومل نے بتایا کہ ’وہ اور شہزاد کزن ہیں، شہزاد کو مجھ سے محبت ہوئی تو پھرمیں بھی اس سے پیار کرنے لگی اور ہم دونوں نے شادی کرلی‘۔
دُلہن کے مطابق ان کی دوستوں نے بھی کہا کہ شہزاد کی عمر بہت چھوٹی ہے لیکن شہزاد نے پروپوز کیا تو میں بھی ان سے محبت کرنے لگ گئی،میں نے سوچاجب پیار کیا تو ڈرنا کیا۔ شادی سے پہلے کئی رکاوٹیں آئیں لیکن ہم نےگھر والوں کو منا ہی لیا۔
دُلہا کا کہنا تھا کہ اسے پورے خاندان میں صرف کومل پسند تھی، کیونکہ وہ بہت شریف اور پیاری لگتی تھی، حتیٰ کہ مجھے بےخوابی کی شکایت ہوگئی کیونکہ میں انہی کے بارے میں سوچتا رہتا تھا۔
شہزاد کے مطابق کومل سے شادی کی خواہش کے اظہار پر گھر والوں نے مجھے مارا پیٹا لیکن اب سارے گھر والے خوش ہیں۔
شہزاد کومل کو پنکی اور کومل اسے مٹھو کہہ کر پکارتی ہیں۔