وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کی جائے گی تاکہ صوبے کا متفقہ، مضبوط اور مؤثر مؤقف سامنے لایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں سے بھی رائے لی جائے گی تاکہ مشاورت کے عمل کو جامع اور ہمہ گیر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی ضروریات اور ترجیحات کو اجاگر کرنا ضروری ہے، اور وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور شمولیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ ایک مضبوط وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کا اہم موقع ہے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ بلوچستان کے عوام کی امیدیں اور توقعات بھی ایوارڈ کا حصہ ہونی چاہئیں اور اس میں صوبوں کے درمیان توازن اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت میں ماہرین معاشیات اور دانشوروں کی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ فیصلے ٹھوس بنیادوں پر کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم سے صوبے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔ “ہم سب کی کامیابی ایک مضبوط اور مستحکم وفاق میں ہے،” انہوں نے کہا۔ این ایف سی ایوارڈ کو قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
