میچ ریفری کی تبدیلی کا تنازعہ! کیا پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز نہیں کھیلے گا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے مبینہ غیر منصفانہ رویے اور اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزیوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی کو اطلاع دے دی گئی ہے کہ میچ ریفری نے ضابطۂ اخلاق اور ایم سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایشیا کپ سے ہٹایا جائے، اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کردیگا۔
The PCB has lodged a complaint with the ICC regarding violations by the Match Referee of the ICC Code of Conduct and the MCC Laws pertaining to the Spirit of Cricket. The PCB has demanded an immediate removal of the Match Referee from the Asia Cup.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 15, 2025
اتوار کو کھیلے گئے پاک بھارت مقابلے میں بھارتی اسپنرز، خصوصاً کلدیپ یادیو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ یہ دونوں ٹیموں کا مئی میں عسکری تنازع کے بعد پہلا ٹاکرا تھا۔
میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو نے فاتحانہ شاٹ کھیل کر جیت کو بھارتی فوج کے نام کیا اور پہلگام حملے کے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
Utterly disappointing to witness the lack of sportsmanship today. Dragging politics into the game goes against the very spirit of sports. Lets hope future victories are celebrated by all teams with grace
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 14, 2025
بھارتی کھلاڑیوں نے جیت کے بعد پاکستانی ٹیم سے مصافحہ کرنے سے انکار کیا، جس پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا احتجاجاً پریزنٹیشن تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
پاکستان کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم مصافحے کے لیے تیار تھی مگر بھارتی کھلاڑیوں نے انکار کر دیا۔ اس رویے نے میچ کے بعد کھیل کے روایتی آداب کو شدید متاثر کیا۔
پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھیل کے اس جذبے کو مجروح کرنے والے میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹا کر کرکٹ کی غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے۔
