’عمران خان کے حامی ہیں مگر کام مریم نواز کے پسند ہیں‘، رانا سکندر حیات کی نوجوانوں کے ساتھ ویڈیو وائرل


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک نوجوان انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس کا ووٹ صرف عمران خان کے لیے ہے۔ اس کے جواب میں رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ ایک سال میں ہم نے آپ کا دل جیت لیا ہے، جس کو دل کرتا ہے ووٹ دیں۔
رانا سکندر کا کہنا تھا کہ نوجوان کے مطابق میں سپورٹ تو عمران خان کو کرتا ہوں لیکن کام مریم نواز کے پسند ہیں۔ ہمارا مقصد ہے آپ کے لیے آسانیاں پیدا کریں ہم نے آپ نے دل جیتنے ہیں۔
وزیر تعلیم نے نوجوان سے کہا کہ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنائیں گے وہ کدھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باہر کے ممالک سے لوگ آ کر کام کریں گے، 50 لاکھ گھر بنائیں گے، نوکریاں ملیں گی لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔
رانا سکندر کا کہنا تھا کہ اچھی تقریر کرنا سب کو آتی ہے لیکن 4 سال میں عثمان بزدار نے کتنے اسکالر شپ اور کتنے لیپ ٹاپ دیے، ڈیٹا دیکھنا بہت ضروری ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب کی ویڈیوز پر صارفین مختلف تبصرے کرتے نظر آتے ہیں۔ عمر چیمہ نے لکھا کہ اگر مریم نواز کام کر رہی ہے اور ووٹ عمران خان کو دینا ہے تو پھر یہ ذاتی پسند اور ناپسند کا ووٹ ہو سکتا ہے کارکردگی کی بنیاد پر نہیں، اور اگر بیانیہ کام سے زیادہ اہم ہے تو پھر حکومت انفلوئیسرز کو دے دیں۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ قوم کو وزیر تعلیم پنجاب جیسے وزرا کی ضرورت ہے۔


عمر دراز گوندل نے کہا کہ وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو ایک نوجوان کہہ رہا ووٹ صرف عمران خان کا جواب میں رانا صاحب دل جیتنے کی بات کررہے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت اور قابل داد لمحہ ہے جہاں رانا صاحب اور نوجوان نے خندہ پیشانی سے اختلاف کو قبول کیا اور باہمی عزت احترام کو برقرار رکھا جو ہماری سیاست میں اس وقت تقریبا ختم ہو چکا ہے سیاست بھی کریں ایک دوسرے سے اختلاف بھی کریں لیکن تمیز تہذیب کو ملحوظ خاطر رکھ کر۔


کئی صارفین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فین کلب ہے۔

WhatsApp
Get Alert