کوئٹہ اور سبی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، مضر صحت بیکری مصنوعات کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد یونٹس سیل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری اور مضر صحت بیکری مصنوعات کے خلاف کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور سبی شہر میں مجموعی طور پر 62 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، باسی و زائدالمیعاد اجزاء کے استعمال، زنگ آلود مشینری، اور غیر معیاری مصنوعات کی تیاری کے شواہد ملنے پر 4 بیکریوں کو سیل جبکہ 24 مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
مزید 18 بیکری یونٹس کو معمولی خامیوں کے باعث اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ بی ایف اے ٹیموں نے کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ اجزاء، مضر نان فوڈ کلرز اور ناقص بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی۔

ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی ہدایت پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صوبے بھر میں غیر معیاری خوراک کے مکمل خاتمے کے لیے بی ایف اے ٹیمیں متحرک ہیں۔
ڈی جی بی ایف اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صرف معیاری اور محفوظ بیکری مصنوعات خریدیں اور کسی بھی خلاف ورزی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
