صوبے کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ( ڈیلی قدرت ) امیر جے یو آئی بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا کہ جے یو آئی کی سیاست محض اقتدار کی دوڑ نہیں بلکہ ایک عبادت اور اسلاف کا مقدس مشن ہے، جسے ہم نے مدارس کے تحفظ، ختم نبوت کے دفاع، اسلامی اقدار کی پاسداری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ جاری رکھا ہے۔ ہمارے اسلاف نے استعمار کے سامنے کلمہ حق بلند کرتے ہوئے زندانوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اسی سنہری روایت کی وجہ سے جے یو آئی آج بھی کسی سیاسی جماعت کو اپنا حریف نہیں سمجھتی، کیونکہ ہمارا اصل مقابلہ مفاد پرست سیاست، باطل نظریات اور طاغوتی قوتوں سے ہے۔ جے یو آئی کے پاس وہ عوامی طاقت موجود ہے جو قائد جمعیت کی ایک آواز پر ملک گیر سطح پر منظم قوت کا مظاہرہ کرتی رہی ہے، اور یہ اپنی نوعیت کی واحد نظریاتی جماعت ہے جو برداشت، اصول اور استقامت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن اس وقت عالمی سطح پر مغربی طاغوتی قوتوں کے سامنے کھڑے ہوکر اسلامی تشخص کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بننے کا اعزاز بھی جے یو آئی کے حصے میں آیا، جس نے ملین مارچ کے ذریعے دنیا کو اسرائیلی بربریت دکھائی اور عالمی میڈیا کی منافقت کو بے نقاب کیا۔ جے یو آئی بلوچستان کی واحد اکثریتی جماعت ہے جو صوبے کے عوامی مینڈیٹ، جمہوری حقوق اور سیاسی وقار کے تحفظ کیلئے کسی قیمت پر دستبردار نہیں ہوگی۔ ہم پرامن مگر دوٹوک جدوجہد جاری رکھیں گے اور صوبے کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی۔
