مقتدر قوتوں نے ہمیشہ راستہ روکا، عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں میئر ہمارا ہوگا: سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے نامزد کونسلران کامیابی کے لیے صوبائی و ضلعی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہیں، کامیابی ہماری مقدر ہے کیونکہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں عوام کا رخ جمعیت علماء اسلام کی طرف ہے لیکن وقت کی مقتدر قوتوں نے ہمیشہ ہماری راہ میں رکاوٹیں پیدا کرکے ہمیں اقتدار سے باہر کیا، تاہم ہمارے لیے اقتدار معنی نہیں رکھتا بلکہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے نامزد کونسلروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے جو عوام کے مسائل پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کا کریڈٹ بھی جمعیت علماء اسلام کو جاتا ہے۔ بلوچستان میں جتنا ترقیاتی کام اور نوجوانوں کو جو روزگار دیا وہ آن دی ریکارڈ ہے، جو کسی بھی جماعت نے کوشش تک نہیں کی لیکن اللہ کے فضل سے ہم اس پر سرخرو ہوئے اور کامیابی حاصل کی ہے، آئندہ آنیوالے وقت میں بھی ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔ صوبائی الیکشن کے بعد کوئٹہ کے الیکشن جو بلدیاتی بنیادوں پر ہونے جارہے ہیں جس میں پارٹی نے تمام یونین کونسلز پر امیدواروں کو نامزد کیا اور ٹکٹ بھی جاری کیا ہے، نامزد امیدواران کامیابی حاصل کرنے کے لیے صوبائی و ضلعی قیادت سے رابطے میں رہیں تاکہ کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ کے چاروں ٹاؤنز اور سٹی سطح پر میئر لانے میں بھی کامیابی حاصل کر سکیں۔
