پی آئی اے کی کامیاب بولی دینے کے بعد عارف حبیب کا پہلا بڑا بیان سامنے آگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں عارف حبیب کنسورشیم نے کامیاب بولی دے کر ایئر لائن کے 75 فیصد شیئرز حاصل کر لیے۔
کامیاب بولی کے بعد عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کو پاکستان کی جیت قرار دیا اور کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین نہایت قابل، محنتی اور تجربہ کار ہیں، جن کی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔
عارف حبیب نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے فلیٹ میں مجموعی طور پر 18 سے 19 طیارے شامل ہیں، جن میں سے 13 سے 14 طیارے آپریشنل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں طیاروں کی تعداد بڑھا کر 38 کی جائے گی اور اس کے بعد اسے 65 تک لے جانے کا منصوبہ ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں مسافروں کی طلب اور ضروریات کے مطابق طیاروں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایئر لائن کے ملازمین کو اعتماد دیا جائے گا اور ان کے تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مکمل استفادہ کیا جائے گا۔ عارف حبیب کے مطابق جیسے جیسے ایئر لائن کو توسیع دی جائے گی، ویسے ویسے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے نہ صرف پی آئی اے بلکہ مجموعی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
دوسری جانب پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے عارف حبیب کنسورشیم میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے عارف حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پی آئی اے میں فوجی فرٹیلائزر کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کنسورشیم ایک سال کے اندر ایئر لائن میں 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو ایک بہتر اور مستحکم پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا، جبکہ طیاروں کی تعداد کو 18 سے بڑھا کر 62 تک لے جانے کی خواہش ہے۔ ان کے مطابق مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا کنسورشیم کی اولین ترجیح ہوگی۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے بڑی 135 ارب روپے کی بولی دے کر کامیابی حاصل کی۔ گروپ نے یہ بولی 12ویں مرحلے میں لگائی، جبکہ اس کے مدمقابل لکی کنسورشیم کی جانب سے آخری بولی 134 ارب روپے دی گئی۔ عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدے۔
پی آئی اے کی نیلامی کا عمل آج کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ صبح تین کنسورشیمز کی جانب سے جمع کرائے گئے سیل بند لفافے سب کے سامنے کھولے گئے، اور یہ پورا عمل تمام ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھایا گیا۔ نجکاری کے پہلے مرحلے میں عارف حبیب گروپ نے 115 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی دی تھی، جبکہ لکی گروپ نے 101 ارب 50 کروڑ روپے اور ایئر بلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی جمع کرائی۔ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ریفرنس پرائس 100 ارب روپے مقرر کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert