آئمہ کرام معاشرتی امن کے محافظ، مذہبی منافرت روکنے میں کردارادا کریں، مریم نواز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علما کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو روکنا تمام علماء کرام کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کو فروغ دیا، جس سے معاشرے میں انتشار پیدا ہوا اور رینجرز و پولیس کے جوان شہید ہوئے۔
مریم نوازنے بتایا کہ پورے پنجاب میں 80 ہزارمساجد ہیں اور 70 ہزارمساجد کے امام صاحبان کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جنہیں ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ رقم چھوٹی سی ہے لیکن آئمہ کرام کی زندگی میں آسانی پیدا کریگی اوراعزازیہ کی ادائیگی کیلئے آسان اورشفاف نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
فروری کے آخرسے ہر امام مسجد کا اکاؤنٹ پنجاب بینک میں کھولا جائے گا تاکہ حکومت اورآئمہ کرام کے درمیان رابطہ مضبوط ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ فتنے کی سرکوبی صرف حکومت کا کام نہیں، بلکہ آئمہ کرام کی معاونت بھی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیاں اور عوامی املاک جلائی گئی، گزرگاہیں بند کی گئیں، اور کچھ افراد اس کو مذہب کے نام پر درست قرار دیتے ہیں، جو معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔
وزیراعلیٰ نے آئمہ کرام سے کہا کہ وہ حکومت کی آواز عوام تک پہنچائیں اور ملک میں اتحاد و امن قائم رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست مظلوم کا انصاف یقینی بنائے گی اور عوام کی جان و مال کی حفاظت ہر صورت ہوگی۔
ساتھ ہی مریم نواز نے ٹریفک قوانین پر عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ سب کی ذمہ داری ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور معاشرہ محفوظ رہے۔
