بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، 92 دہشت گرد ہلاک، 15 سیکیورٹی اہلکار شہید،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان نے 31 جنوری 2026 کو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی سمیت مختلف علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیاں انجام دیں۔
غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر کی جانے والی ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی کو روکنا اور مقامی آبادی کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنا تھا۔ ضلع گوادر اور خاران میں معصوم شہریوں کو دانستہ نشانہ بنایا گیا، جہاں خواتین، بچوں، بزرگوں اور مزدوروں سمیت 18 بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ بلوچستان بھر میں طویل، شدید اور جرات مندانہ کلیئرنس آپریشنز کے دوران فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، جن میں تین خودکش بمبار بھی شامل تھے، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔
تاہم ان کارروائیوں کے دوران ملک کے 15 بہادر سپوت دشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جن کی قربانی کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، اور ان سفاک کارروائیوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انٹیلی جنس رپورٹس نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یہ حملے پاکستان سے باہر بیٹھے دہشت گرد سرغنوں کی ہدایات پر کیے گئے، جو دورانِ کارروائی براہِ راست دہشت گردوں سے رابطے میں تھے۔
اس سے قبل 30 جنوری کو پنجگور اور ہرنائی میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ یوں گزشتہ دو دنوں میں بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 133 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ قومی ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن *“عزمِ استحکام”* کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں
