جامشورمیں بے گناہ خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور بہیمانہ قتل قابل مذمت ہے ،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں صوبہ سندھ ضلع جامشورو میں پشتون بے گناہ خاتون بی بی صابرہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد ان کے بہیمانہ قتل کے اندوہناک اور انسانیت سوز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایک حاملہ خاتون اور چار بچوں کی ماں کو درندگی کا نشانہ بنانا نہ صرف انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے بلکہ ہماری سماجی و اخلاقی اقدار پر کھلا حملہ بھی ہے۔ اس افسوسناک سانحے نے پوری قوم کو شدید غم و غصے اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ پارٹی اس امر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ اغوا کے بعد ورثا کی جانب سے اطلاع دینے کے باوجود صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو اور ضلع حیدر آباد کے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بروقت اور مو¿ثر کارروائی نہ کی گئی، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ایسے سنگین اور حساس معاملات میں تاخیر، غفلت اور غیر سنجیدگی ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ چار بچوں کی ماں صابرہ بیگم، جو اپنے بچوں کے نان و نفقہ کے لیے محنت مزدوری کر کے دو وقت کی حلال روزی کمانے کی جدوجہد کر رہی تھیں اور گھروں اور گلیوں میں کپڑے فروخت کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال رہی تھیں، ان کی کئی روز تک گمشدگی، بعد ازاں قتل اور مسخ شدہ لاش کی برآمدگی ریاستی اداروں کے کردار اور ذمہ داری پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے بیان میں وفاقی اور حکومتِ سندھ سے پ±رزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ کیس کو ترجیحی بنیادوں پر چلا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی درندگی کی جرات نہ ہو۔ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔ مقتولہ کے خاندان کو مکمل قانونی تحفظ اور مناسب مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ انہیں انصاف کے حصول میں کسی دباو¿ یا رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ جرائم پیشہ عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنے والی قوتوں کے خلاف مو¿ثر اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پارٹی واضح کرتی ہے کہ خواتین کا تحفظ ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے کی عزت و وقار اس کی بیٹیوں، ماو¿ں اور بہنوں کے احترام سے وابستہ ہوتا ہے۔ اگر خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کریں تو یہ ریاستی نظام کی ناکامی تصور کی جاتی ہے۔ صابرہ بیگم کے ظالمانہ قتل پر ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی بی بی صابرہ کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ انصاف کی فراہمی تک ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ پشتونخوا نیپ حیدرآباد کے ذمہ داران، جن میں ضلع سیکریٹری جاوید آغا، شفیع خان، قاسم خان اور دیگر رہنما و کارکنان شامل ہیں، پہلے دن سے لواحقین اور اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ حیدرآباد کی سیاسی اور سماجی تنظیموں سے بھی مشاورت جاری ہے اور انصاف کے حصول کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگر پرامن رابطوں اور قانونی کوششوں کے باوجود اعلیٰ حکام نے مو¿ثر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا تو پارٹی انصاف کے لیے ہر جمہوری اور احتجاجی راستہ اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
