(ن) لیگ کے 3 ارکان اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے 3 ارکان اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی ہے . تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری،محمد غیاث الدین اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل تھے .

ملاقات میں حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ اشرف انصاری کے بھائی یونس انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے . ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں . ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ نے سیاست میں شائستگی، رواداری اور شفافیت کے کلچرکو فروغ دیا ہے . ارکان پنجاب اسمبلی کے مطابق آپ منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر تے ہیں، آپ نے پنجاب میں حقیقی معنوں میں وہ کام کیے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا . دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی میرے ساتھی ہیں اور میں سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں . عثمان بزدار نے کہا کہ آپ کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے . وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا، پنجاب میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں . عثمان بزدار نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے، ان کا یہ ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے . وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ کھوکھلے نعرے نہیں لگائے، ہم صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے . . .

متعلقہ خبریں