قلات انتخابات دھاندلی زدہ ہیں، متبادل ‘عوامی اسمبلی’ کے قیام پر غور کر رہے ہیں، جے یو آئی بندوق اٹھانے پر یقین نہیں رکھتی، سینیٹر مولانا عبدالواسع


(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے قلات انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے کر یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ جے یو آئی بندوق اٹھانے یا ملک کو نقصان پہنچانے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لیا جائے یا نہیں، تاہم جماعت ایک متبادل عوامی اسمبلی کے قیام پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے؛ انہوں نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں جے یو آئی کے نظریاتی حلقوں میں مداخلت تاریخ کا افسوسناک باب ہے جہاں سازش کے تحت نتائج تبدیل کیے گئے اور امیدواروں کو عدالتوں و دیگر حربوں کے ذریعے دیوار سے لگایا گیا، جس سے انتخابی عمل پر سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ مولانا عبدالواسع نے خضدار اور قلات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جہاں درجنوں کاپیوں کی ضرورت تھی وہاں بہت کم نتائج فراہم کیے گئے جس کے ثبوت میڈیا پر موجود ہیں، پرزائیڈنگ افسران کی تبدیلی اور نتائج میں تضاد نے دھاندلی کو آشکار کر دیا ہے؛ انہوں نے واضح کیا کہ قلات کی بے ضابطگیوں کے باوجود جماعت نے کارکنوں کے غیظ و غضب کو قابو میں رکھا ہے لیکن نوجوانوں کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے، لہٰذا اب ہم “عوامی اسمبلی” کے تصور کو عملی جامہ پہنائیں گے جہاں صوبائی مسائل پر بحث اور قراردادیں پاس کر کے حقیقی نمائندگی کا حق ادا کیا جائے گا؛ انہوں نے ملکی تاریخ کے ان انتخابات کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم برداشت کرنا اور حق کے لیے آواز اٹھانا ہی ہماری طاقت ہے اور ہم استقامت کے ساتھ پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert