وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا اقدام، بے روزگار نوجوانوں کے لیے سنہری موقع


لاہور (قدرت روزنامہ) بے روزگار نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار سے منسلک کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دینے کے منصوبے کی منظوری دے دی، سی ایم یوتھ ایمپلائیبلٹی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
منصوبے کی منظوری پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی، منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں عالمی معیار پر لانا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی اور بی پی او مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جائے گا جبکہ کسٹمر سپورٹ، کال سینٹر اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اگلے 5 سالوں میں 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار سے منسلک کیا جائے گا۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں ٹریننگ دی جائے گی۔
پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ منصوبے پر عملدرآمد اور نگرانی کرے گا، تربیت کلاس روم اور کام کے نقلی ماحول کا مجموعہ ہو گی، ادائیگیاں کارکردگی کی بنیاد پر تین مراحل میں کی جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل بینک ٹو بینک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائیں گی، تربیت فراہم کرنے والوں کی ادائیگی قابل تصدیق روزگار کے نتائج سے مشروط ہوگی۔
ٹریننگ فیس میں 30 فیصد عوام کی شرکت کی تجویز کو ختم کردیا گیا ہے، تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک ہوگی، ضرورت کے مطابق لچک برقرار رکھی جائے گی اور پے رول اور تھرڈ پارٹی کی تصدیق کے ذریعے ملازمت کی تصدیق کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert