بلوچستان : ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک فضائی سفر بھی مہنگا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی فضائی سفر مہنگا ہو گیا ہے، جہاں قومی ایئرلائن Pakistan International Airlines (پی آئی اے)سمیت نجی ایئرلائنز نے اپنے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مالی دبا کا سامنا ہے تفصیلات کے مطابق 2 اپریل 2026 کو کوئٹہ سے اسلام آباد کا یک طرفہ فضائی کرایہ 38 ہزار روپے تھا، تاہم 3 اپریل کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اسی روٹ کا کرایہ بڑھا کر 45 ہزار روپے کر دیا گیا، جو کہ ایک ہی دن میں 7 ہزار روپے کا اضافہ ظاہر کرتا ہے یو این اے کے مطابق اسی طرح کوئٹہ سے کراچی کے فضائی کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 2 اپریل کو اس روٹ کا کرایہ 35 ہزار روپے تھا، جو 3 2026 کو اپریل سے 5 ہزار روپے اضافے کے بعد 40 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس اچانک اضافے نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، خصوصا وہ افراد جو مجبوری کے تحت فضائی سفر کرتے ہیں ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ساتھ ساتھ نجی ایئرلائنز نے بھی اپنے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ سے مختلف شہروں کے لیے فضائی ٹکٹوں کی قیمتیں 40 ہزار سے 45 ہزار روپے کے درمیان ہو گئی ہیں۔ اس صورتحال میں مسافروں کے لیے سستی سفری سہولت تقریبا ختم ہو کر رہ گئی ہے ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات، خصوصا ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک ایندھن کی قیمتیں کم نہیں ہوتیں، کرایوں میں کمی ممکن نہیں۔ل دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اب فضائی سفر بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ کوئٹہ جیسے دور دراز شہر میں فضائی سفر اکثر مجبوری بن جاتا ہے، مگر بڑھتے ہوئے کرایوں نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف زمینی ٹرانسپورٹ بلکہ فضائی سفر کو بھی براہ راست متاثر کرتا ہے، جس کے اثرات فوری طور پر کرایوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فضائی کرایوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ایئرلائنز کو کسی حد تک ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ مسافروں کو بھی سہولت دے سکیں حالیہ مہنگائی کی لہر نے زندگی کے تقریبا ہر شعبے کو متاثر کیا ہے، اور اب فضائی سفر کے مہنگا ہونے سے شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
