آر ڈی ایم سی کا پرائمری تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا اعلان

نوکنڈی(قدرت روزنامہ)ریکو ڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے اپنے منصوبے سے ملحقہ علاقوں میں قائم کمپنی کے تعاون سے چلنے والے اسکولوں سے پرائمری تعلیم مکمل کرنے والے 23 طلباء کے لئے اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے، جن میں ایک طالبہ بھی شامل ہے۔ ان وظائف کے تحت طلباء کو کوئٹہ کے تعلیمی ادارے میں مزید تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کے لئے، آر ڈی ایم سی کے پارٹنرادارے”پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک (پین)” کے نوکنڈی دفتر میں—تعارفی اور معلوماتی سیشنز منعقد کیے گئے۔ ان سیشنز میں دُوربُن چاہ، ہمئے، مشکی چاہ، نوکچاہ اور تنگ کچاوسے منتخب طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں اور پین کی ٹیم نے طلباء کو اسکالرشپ پروگرام اور ان کے تعلیمی سفر کے اگلے مرحلے سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ تعارفی سیشن کے بعد طلباء پروگرام اسٹاف کے ہمراہ کوئٹہ روانہ ہو گئے، جو ان کے تعلیمی سفراور ذاتی ارتقا کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
تعلیم کی بہتری کے لیے آر ڈی ایم سی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ محمد عیسیٰ طاہر نے کہا کہ کمپنی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کہا،”ان علاقوں میں جہاں ماضی میں تعلیم تک رسائی محدود تھی، ایسے اقدامات مواقع، خودمختاری اور طویل المدتی ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں ۔ دور دراز دیہات سے معیاری تعلیمی اداروں تک طلباء کا یہ سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم اب محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک قابلِ حصول اور مؤثر حقیقت بن چکی ہے۔”

اسکول سطح پر اقدامات کے علاوہ، آر ڈی ایم سی ضلع چاغی اور پورے بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیمی مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے اس وقت دس طلباء جیولوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اسکالرشپس کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
مزید برآں، آر ڈی ایم سی نے آئی بی اے کے “فاؤنڈیشن سمسٹر اسکالرشپس” کے ذریعے 52 طلبہ کی معاونت کی ہے، جس کا مقصد ان طلباء پاکستان کیےمایہ ناز جامعات میں داخلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی تسلسل کو یقینی بنانا اور نوجوانوں کو قومی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
اس پرائمری اسکول اسکالرشپ مرحلے کی تکمیل کے ساتھ، آر ڈی ایم سی کا تعلیمی سال 2026کے لئے اسکول اوریونیورسٹی دونوںسطحوں پرجاری تمام اسکالرشپ پروگرام مکمل ہوگئے ہیں۔جبکہ رواں سال 2026کے آخرتک اگلے سال 2027کے لئے اسکول اوریونیورسٹی سطح پر اسکالرشپس کا اعلان متوقع ہے جس کا اعلان آر ڈی ایم سی کے سوشل میڈیاپلیٹ فارمزپرکیاجائے گا۔تمام اسکالرشپس میرٹ کی بنیاد پر انتخاب، تعلیمی کارکردگی اور دستیاب نشستوں سے مشروط ہوں گی۔
