امریکہ ایران جنگ بندی میں پاکستان کا کردار، بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ تہنیتی قرارداد پیش، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سفارتی بصیرت کو خراج تحسین

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں امریکہ ایران جنگ بندی کے معاملے پر پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے ایک مشترکہ تہنیتی قرارداد پیش کی گئی، جو صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کا یہ ایوان وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی بصیرت اور بہترین قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور ایران امریکہ تنازعے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بہترین سفارت کاری کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن دوست قوم کی حیثیت سے عالمی قیادت کی توجہ حاصل کی ہے، جس سے ملک کے وقار اور بین الاقوامی ساکھ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی معترف ہے اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے کردار کی تعریف کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی یہ امن کاوشیں رنگ لائیں گی اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے پاکستان کے سنجیدہ اور متوازن کردار کو مستقبل میں بھی مزید مضبوطی ملے گی۔
