بلوچستان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، چھتر میں بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل؛ مختلف حادثات میں طالب علم اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی


چھتر، لورالائی، کچھی، ڈیرہ مراد جمالی، صحبت پور، اوستہ محمد، اوتھل (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے جرائم اور حادثات کے واقعات میں ایک شخص کو اس کے سگے بیٹے نے موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ ٹریفک حادثات، ندی میں ڈوبنے اور کرنٹ لگنے کے باعث طالب علم اور خاتون سمیت مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب لورالائی پولیس نے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کر کے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، لورالائی پولیس نے پوڑی ٹک پہاڑ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کی غرض سے چھپایا گیا بارودی مواد برآمد کر لیا۔ ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ قبضے میں لیے گئے مواد میں 10 کلو گرام ٹی این ٹی، 8 کلو گرام بلیک ایکسپلوزیو، 4 عدد آئی ای ڈیز، 11 ڈیٹونیٹرز، 6 میٹر سیفٹی فیوز اور ایس ایم جی کے 165 راؤنڈز سمیت دیگر تخریبی سامان شامل ہے۔ پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف عوام کے تعاون سے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر نصیرآباد کے علاقے چھتر کے موضع چہوان میں ایک انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں منظور سمالانی نامی سنگ دل بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنے سگے باپ محمد یعقوب سمالانی کو قتل کر دیا۔ ملزم نے واردات کو چھپانے کے لیے رات کی تاریکی میں باپ کی لاش چہوان کے قبرستان میں دفن کی اور اہل خانہ سمیت فرار ہو گیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں حادثات نے بھی کئی گھرانوں میں صفِ ماتم بچھا دی۔ کچھی کے علاقے میں مٹھڑی ندی بولان میں نہاتے ہوئے گورنمنٹ انٹر کالج کا طالب علم عبدالاحد مہسر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ مقامی افراد نے دو گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد لاش کو ندی سے نکالا اور اسپتال منتقل کیا، جس کے بعد آہیں اور سسکیوں کے سائے میں نوجوان کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اسی طرح لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے کمبہار محلہ میں ایک مکان میں ماربل کا کام کرنے والا سندھ کا رہائشی مزدور نریش مشین سے کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دریں اثناء، اوستہ محمد میں بلیدی بائی پاس کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں جبکہ نوجوان ظفر اللہ شدید زخمی ہو گیا۔
مزید برآں، صحبت پور اور ڈیرہ مراد جمالی میں لڑائی جھگڑے اور ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں 6 افراد شدید زخمی ہوئے۔ صحبت پور سٹی کی حدود میں دو گروہوں کے درمیان مسلح قبائلی تصادم کے دوران فائرنگ سے چار افراد ذاکر حسین، شفیق، سجاد احمد اور رفیق احمد ناوڑا شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں مین بازار شاہ پمپ کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں منصور علی عباسی، اور واپڈا گرڈ اسٹیشن کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سے گر کر فرحان خان رڈ شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس متعلقہ تھانوں کی حدود میں پیش آنے والے تمام واقعات کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert