مکران سمیت جنوبی و وسطی بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

یکم سے 5 مئی تک ہیٹ ویو کا امکان، شہریوں اور مویشی پال حضرات کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت، تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا مطالبہ

گوادر (ڈیلی قدرت)مکران سمیت جنوبی و وسطی بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ، محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق 29 اپریل سے 8 مئی تک بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع، خصوصاً مکران کی ساحلی پٹی، شدید گرمی کی لہر کی زد میں رہنے کا امکان ہے۔ماحولیاتی تجزیہ کار و صحافی محمود سگار کے مطابق یکم مئی سے 5 مئی کے دوران گرمی کی شدت اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اس غیر معمولی اضافے کے باعث لو لگنے (ہیٹ اسٹروک) کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے، جو نہ صرف انسانی صحت بلکہ مویشیوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ شدید گرمی کے باعث پانی کی کمی، چکر آنا، سر درد اور بے ہوشی جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ماہرین صحت اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔ اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر کو ڈھانپنے، گیلے کپڑے یا رومال کے استعمال اور ہلکے، ڈھیلے کپڑے پہننے کو یقینی بنایا جائے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور جسم میں نمکیات کی کمی سے بچنے کے لیے او آر ایس، لیموں پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال جاری رکھیں۔ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے، کیونکہ یہ افراد ہیٹ ویو سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔مزید برآں، محکمہ لائیو اسٹاک نے مویشی پال حضرات کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو دھوپ سے بچائیں، سایہ دار جگہوں پر رکھیں اور پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ واضع رہے مکران کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی شدت کی وجہ سے اکثر بچوں کے بے ہوشی کے رپورٹ سامنے آتے ہیں _ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ اس شدید گرمی کی لہر کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔ دریں اثنا مکران کے تعلیمی اداروں میں یکم مئی سے تعطیلات نہ ہونے سے اکثر وہاں زیر تعلیم بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے _ اس سلسلے میں والدین نے محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یکم مئی سے موسم گرما کی تعطیلات شروع کریں_

WhatsApp
Get Alert