کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، آر ٹی اے، ٹریفک پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ حکمت عملی تیار
بغیر رجسٹریشن گاڑی سڑک پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی، چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے اور رجسٹریشن کا عمل آسان کرنے پر غور

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو موثر بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سیکرٹری آر ٹی اے محمد علی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ٹریفک سلمان ترین اور انسپکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آصف جان ترین کے درمیان ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں شہر بھر میں بغیر رجسٹریشن چلنے والی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں نہ صرف ٹریفک نظم و ضبط میں خلل کا باعث بنتی ہیں بلکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں اجلاس کے دوران ایک جامع اور مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی، جس کے تحت آر ٹی اے، ٹریفک پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔ شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت اور مثر بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی یو این اے کے مطابق فسران نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو بھی بغیر رجسٹریشن گاڑی سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی بڑھانے پر بھی غور کیا گیا اجلاس میں شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے پر بھی بات کی گئی، تاکہ عوام کو کم سے کم وقت میں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کروانے کی سہولت میسر آ سکے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچ سکیں اور شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں اس موقع پر جرنلسٹ باڈی نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت کوئٹہ میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور قانون کی بالادستی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، اور اس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
