ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے جی ڈی اے سینٹرل پارک میں “کڈز فن لینڈ” کا افتتاح کر دیا، بچوں کے لیے جدید تفریحی سہولیات کا اہم اضافہ

گوادر(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، معین الرحمٰن خان نے آج جی ڈی اے سینٹرل پارک میں “کڈز فن لینڈ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے، حاجی سید محمد، ڈائریکٹر انوائرمنٹ جی ڈی اے رسول بخش بلوچ، پرنسپل جی ڈی اے پبلک ہائیر سیکنڈری اسکول ڈاکٹر محمد مظفر نور اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
جی ڈی اے بیچ ماڈل پارک میں “کڈز فن لینڈ” کے کامیاب تجربے اور عوامی پذیرائی کے پیش نظر اب اس جدید تفریحی سہولت کو جی ڈی اے سینٹرل پارک تک توسیع دی گئی ہے۔ جو نجی شعبے کی شراکت داری کے تحت منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ یہاں بچوں کے لیے جدید اور محفوظ الیکٹرانک جھولے اور مختلف رائیڈز نصب کی گئی ہیں، جو نہ صرف تفریح فراہم کریں گی بلکہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
افتتاح کے موقع پر پرنسپل جی ڈی اے اسکول کی درخواست پر “کڈز فن لینڈ” میں جی ڈی اے اسکول کے چھوٹے بچوں کے لیے 50 فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا گیا۔ طلبہ اپنے اسکول کارڈز دکھا کر ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، معین الرحمٰن خان نے کہا کہ جی ڈی اے، گوادر کو جدید اور عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو معیاری اور صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے کھیل کود اور تفریح نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ان کی جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ ان کی ذہنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور سماجی رویوں کی نشوونما میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے کی جانب سے پارکس، گراؤنڈز اور تفریحی مقامات کی تعمیر اور بحالی کا مقصد شہریوں، خصوصاً بچوں اور فیملیز کو محفوظ اور معیاری ماحول فراہم کرنا ہے۔ جی ڈی اے بیچ ماڈل پارک کو خواتین اور بچوں کے لیے مختص کرنے کا اقدام کامیاب رہا اور اسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
ڈی جی جی ڈی اے نے کہا کہ اب جی ڈی اے سینٹرل پارک کی رونقیں بحال کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جہاں فیملیز اور مرد حضرات کے لیے بھی بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو ایک جامع، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

WhatsApp
Get Alert