ذاتی گھر بنانے کیلئے ایک کروڑ تک کا قرض، جانئے اس زبردست حکومتی اسکیم میں شامل ہونے کا آسان طریقہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے لیے اسٹیٹ بینک نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قرضوں میں تاخیر کو کم کرنے کیلیے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملک بھر کے شہریوں کے لیے اپنا گھر اسکیم متعارف کرا رہے ہیں، جس میں شہری ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان اقساط پر حاصل کر کے اپنا گھر بنانے کا خواب پورا کر سکیں گے۔
مالیاتی اسکیموں میں قرض کی فراہمی میں تاخیر ہو جاتی ہے، جس سے اس کا اصل مقصد فوت ہونے لگتا ہے۔ تاہم اسٹیٹ بینک نے اپنا گھر اسکیم کیلیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ہاؤسنگ قرضوں میں تاخیر کم کرنے کیلیے اہم فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے حکومت کے سستے گھر منصوبے کو فروغ دینے کے لیے ہاؤسنگ فنانس قواعد میں نرمی کر دی ہے اور اپنا گھر، گھر ہو تو اپنا اسکیم کیلیے نئے قواعد جاری کر دیے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ نئے قواعد میں ہاوس بلڈنگ فنانس کمپنی اور بینکوں کو 15 دن میں منظوری مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مرکزی بینک کی بینکوں کو قرض درخواستیں جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ قرض لینے والوں کیلیے ڈیٹ بوجھ کی حد 65 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
گھریلو آمدن کے مطابق قرض دینے کی نئی شرط نافذ کی گئی ہے۔ 50 لاکھ تک جائیداد کی اندرونی ویلیوایشن کی اجازت جب کہ 50 لاکھ سے زائد پراپرٹی کیلیے منظور شدہ ویلیوایٹر لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ‘اپنا گھر’ پروگرام کے تحت ایک بڑے اور تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے، اس منصوبے کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے افراد کو آسان شرائط پر چھت فراہم کرنا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی دستاویزات میں بتایا کہ شہری اپنی ضرورت کے مطابق 25 لاکھ، 50 لاکھ، 75 لاکھ یا ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکیں گے اور یہ قرض 20 سال کی طویل مدت کے لیے فراہم کیا جائے گا۔
گھر کی خریداری یا تعمیر کے لیے 90 فیصد رقم حکومت فراہم کرے گی جبکہ صرف 10 فیصد رقم انفرادی طور پر خود ادا کرنا ہوگی۔
حکومت نے عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے مارک اپ کا طریقہ کار نہایت آسان رکھا ہے، پہلے 10 سال کے لیے 5 فیصد فکسڈ مارک اپ وصول کیا جائے گا، جبکہ اگلے 10 سال نارمل مارک اپ لاگو ہوگا۔
ماہانہ اقساط کے شیڈول کے مطابق 25 لاکھ قرض پر ماہانہ قسط 16,499 روپے ، 50 لاکھ قرض پر قسط پر 32,997 روپے ، 75 لاکھ قرض پر قسط 49,497 روپے اور 1 کروڑ قرض پر قسط 65,996 روپے ادا کرنی ہوگی۔
اہلیت اور شرائط
قرض حاصل کرنے کے لیے پاکستانی شناختی کارڈ کا ہونا اور پہلے سے کسی بینک کا مقروض نہ ہونا لازمی شرط ہے، اس رقم سے 10 مرلہ کا پلاٹ یا 10 مرلہ کا بنا ہوا گھر خریدا جا سکے گا۔
درخواست دہندگان اسلامک بینک، کمرشل بینک، مائیکرو فنانس بینک یا ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (HBFC) سے رجوع کر سکیں گے۔
درخواست کا طریقہ کار اور مانیٹرنگ
خواہش مند افراد کو وزارتِ خزانہ کے پورٹل پر آن لائن درخواست دینا ہوگی، درخواست دینے کے بعد حتمی منظوری تک صرف ایک ماہ کا وقت لگے گا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر اس منصوبے کی نگرانی کریں گے، اہم بات یہ ہے کہ قرض کے حصول کے لیے کوئی پیشگی فیس یا ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔
