مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کیلئے بڑا چیلنج ہے، سربراہ پاک بحریہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے، پاک بحریہ خلیج عمان میں میری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی کروارہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈ مرل نوید اشرف کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس ہوئی۔
کانفرنس میں روایتی اور غیرروایتی چیلنجز کے خلاف جنگی تیاریوں کا تسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے، پاک بحریہ خلیج عمان میں میری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی کروارہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نیول چیف نے کہا کہ میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے نمنٹے کیلئے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ کامیابی قومی یکجہتی، بیرونی جارحیت کو شکست دینے اور پاکستان کے بحری مفادات کی حفاظت کے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔
کانفرنس میں معرکہِ حق کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert