معرکہ حق: ملکی دفاع کیلئے پاک فضائیہ نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔ائیر چیف

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ملکی دفاع میں پاک فضائیہ نے ہمیشہ کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ معرکۂ حق کے دوران سری نگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو مؤثر جواب دیا گیا جبکہ پاک فضائیہ نے جدید ترین جنگی طیاروں کو بھی ناکام بنا کر اپنی برتری ثابت کی۔

تفصیلات کے مطابق معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارت کو شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، تاہم بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

ایئر چیف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھرپور کارروائی کی اور دشمن کو سخت نقصان پہنچایا۔ انہوں نے معرکۂ حق میں کامیابی پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو مؤثر شکست دینے میں فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، جبکہ بھارتی ایئر ڈیفنس نظام کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے قومی دفاع میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ایک بار پھر لوہا منوایا۔ سری نگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو سبق سکھایا گیا، جبکہ پاکستان کے سائبر ماہرین نے بھی دشمن کے سائبر سسٹمز کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ بھارتی فضائیہ کو ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑا جو اس کے لیے باعثِ تذلیل بنی۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ فضائی سرحدوں کے تحفظ کی ذمہ داری پاک فضائیہ بخوبی نبھا رہی ہے۔ دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کو ناکام بنایا گیا جبکہ دشمن کی اہم تنصیبات مکمل طور پر پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں۔ بھارت کے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی مختصر وقت میں تباہ کر دیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا۔ فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر کے میدان میں بھی دشمن کو واضح شکست دی گئی، جبکہ پاک فضائیہ نے انتہائی کم وقت میں دشمن کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ معرکۂ حق میں ہر جوان نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert