قطر سے سستی گیس ملنے کی امید، پاکستان نے ایل این جی کی سب سے کم عالمی بولیاں مسترد کردیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) قطر سے سستی گیس ملنے کی امید پر پاکستان نے ایل این جی کی سب سے کم عالمی بولیاں مسترد کر دیں۔
پاکستان دو کارگوز ’’ٹرم کنٹریکٹ‘‘ کی شرح پر حاصل کر سکتا ہے جو برینٹ خام تیل کی قیمتوں کے 13.37 فیصد کے برابر ہے۔
پاکستان نے جمعرات کے روز ایل این جی کے 2 اسپاٹ کارگوز کے لیے موصول ہونے والی سب سے کم بولیوں کو منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، باوجود اس کے کہ بین الاقوامی سپلائرز کی جانب سے کافی مسابقتی پیشکشیں موصول ہوئی تھیں۔
اس فیصلے کے پیچھے یہ اشارے ملے ہیں کہ پاکستان ان کے بجائے قطر کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے تحت نمایاں طور پر کم قیمتوں پر ایل این جی کی فراہمی حاصل کر سکتا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے سب سے کم بولی دینے والے 2 اداروں یعنی بی پی سنگاپور اور ٹوٹل انرجیز گیس اینڈ پاور لمیٹڈ کو مطلع کردیا ہے کہ ان کی پیشکشیں قبول نہیں کی گئیں۔
اس پیش رفت سے واقف حکام کے مطابق یہ فیصلہ قطر کی جانب سے ملنے والے ان مثبت اشاروں سے جڑا ہوا معلوم ہوتا ہے جن میں ایل این جی کے 2کارگوز کی دستیابی کا بتایا گیا ہے، جنہیں آبنائے ہرمز کے راستے لایا جا سکتا ہے۔
