فیفا ورلڈ کپ 2026: شکیرا کی واپسی، نئے ترانے کے ٹیزر نے دھوم مچا دی

کولمبیا(قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ کے میوزیکل اسٹیج پر واپس آ گئی ہیں اور انہوں نے ورلڈکپ 2026 کے لیے نیا آفیشل ترانہ ’ڈائے ڈائے‘ جاری کر دیا ہے۔ گانے کی ریلیز 14 مئی کو متوقع ہے جب کہ اس کے ٹیزر نے فٹبال کے شائقین میں تجسس بڑھا دیا ہے۔
کولمبیا سے تعلق رکھنے والی شہرہ آفاق گلوکارہ شکیرا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل گانے ’ڈائے ڈائے‘ کا ٹیزر شیئر کیا ہے۔
اس ترانے کی ویڈیو برازیل کے مشہور ماراسانا اسٹیڈیم میں ریکارڈ کی گئی ہے، جس میں شکیرا مختلف رقاصوں کے ہمراہ نظر آئیں جو مختلف قومی ٹیموں کی جرسیوں کے رنگوں میں ملبوس ہیں۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کا یہ آفیشل ترانہ شکیرا اور نائجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے نے مل کر تیار کیا ہے اور اسے 14 مئی کو باضابطہ طور پر ریلیز کردیا جائے گا۔
اس ویڈیو کو صرف انسٹاگرام پر 2 کروڑ 70 لاکھ جب کہ ایکس پر تقریباً 10 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ اس مختصر ٹیزر نے سوشل میڈیا پر فٹبال شائقین کی پرانی یادیں تازہ کر دی ہیں۔
شکیرا کا فیفا ورلڈ کپ کے ساتھ طویل اور نمایاں تعلق رہا ہے۔ انہوں نے 2010 کے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کے لیے مشہور گانا ’واکا واکا، دس ٹائم فار افریقا‘ پیش کیا تھا، جو عالمی سطح پر ایک فٹبال کا خصوصی ترانہ بن گیا۔
گانے کی ویڈیو میں 2006، 2010 اور 2014 کے فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل فٹ بالز بھی دکھائے گئے ہیں، جس سے شکیرا کے فٹبال ورلڈ کپ کے ساتھ طویل تعلق کی جھلک ملتی ہے۔
شکیرا اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے گاچکی ہیں۔ انہوں نے 2010 کے جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے مشہور گانا ’واکا واکا‘ پیش کیا تھا جو عالمی سطح پر بے حد مقبول ہوا اور تاحال یادگار سمجھا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے 2006 کے جرمنی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریبات میں ’ہپس ڈونٹ لائی‘ پیش کیا تھا جب کہ 2014 کے برازیل ورلڈ کپ میں ’ لا لا لا‘ گا کر فٹبال فینز کو محظوظ کیا تھا۔
نیا گانا سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے اسے ’یادگار واپسی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکیرا اور ورلڈ کپ کو اب ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ فیفا کو ہر ورلڈ کپ کا ترانہ براہِ راست شکیرا کے سپرد کر دینا چاہیے۔
2026 کا فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم سے ہوگا جبکہ فائنل نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس بار فیفا پہلی مرتبہ فائنل میں سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو بھی متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کی میوزیکل لائن اپ کی نگرانی کرنٹ راک بینڈ کولڈ پلے کے کریس مارٹن کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس بار ورلڈ کپ صرف ایک اسپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ ایک بڑے عالمی پاپ کلچر میلے کی شکل میں نظر آئے گا۔
