پاکستان میں آئی فون استعمال کرنے والوں کیلئے بری خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ پاکستان میں ٹیکنالوجی صارفین خصوصاً آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔ جہاں ایپل کمپنی نے اپنے ہینڈ سیٹس پر 5G آپشن فعال کرنے میں تاخیر کا عندیہ دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ 2027 میں مارکیٹ کے حجم اور دیگر عوامل کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئی فون صارفین کے لیے 5G سروس کی مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے حکام کے مطابق ایپل کی جانب سے یہ فیصلہ مقامی مارکیٹ کی محدود وسعت اور دیگر تکنیکی و تجارتی عوامل کے باعث کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی اسمارٹ فونز، خصوصاً آئی فونز پر عائد بھاری ٹیکسز کے باعث پاکستان میں ایپل کی مارکیٹ متاثر ہوئی ہے۔ جو اس تاخیر کی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے۔

دوسری جانب سام سانگ کے اسمارٹ فونز پر 5G سروسز پہلے ہی دستیاب ہیں۔ جبکہ مقامی ٹیلی کام آپریٹرز بھی مرحلہ وار 5G سروسز متعارف کرا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں سال مارچ میں 507 ملین ڈالر مالیت کے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کی تھی۔ جس کے تحت ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ٹیلی کام حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر 5G سروس کا آغاز ہو چکا ہے۔ تاہم آئی فون صارفین کو اس جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert