سعودی عرب کا فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اپنی فضائی حدود کو کسی بھی جارحانہ فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی خواہاں ہے۔ اور اس مقصد کے لیے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کر رہی ہے۔ خصوصاً پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ اس کی فضائی حدود جارحانہ مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ جبکہ بعض عناصر مملکت کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور کویت نے امریکی فوج کو اڈوں اور فضائی حدود تک دوبارہ رسائی دے دی ہے۔
سعودی ذرائع کے مطابق یہ تاثر درست نہیں اور مملکت کا مؤقف خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔
