پی ٹی آئی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے ہر گھر کے بجٹ پر حملہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ‘عوام دشمن’ فیصلہ قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 414 روپے سے اوپر لے جانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے، یہ ہر گھر کے بجٹ پر براہِ راست حملہ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگا، جس سے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو جائے گا۔

ترجمان نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے زراعت کی لاگت بڑھ جائے گی، جس کے نتیجے میں گندم اور سبزیاں مزید مہنگی ہوں گی، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک تیزی سے شدید غذائی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے حکومتی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، لیکن حکومت کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے بجائے انتظامی اخراجات میں کمی لائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert