10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی، آصف زرداری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے، جب فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی۔

آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی تکمیل پر ایک سال پورا ہونے کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفرا، سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی اور بھارت نے بلا اشتعال حملہ کرتے ہوئے سول آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج کے جوانوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ فضائیہ نے دشمن کے آٹھ طیارے مار گرائے۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا ردعمل تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اسی طرح فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت بھی جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہونے والی بھارتی سرگرمیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔

WhatsApp
Get Alert