کوسٹ گارڈ کی جانب سے نہتے مزدوروں پر وحشیانہ طاقت کا استعمال نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ ناقابلِ برداشت اور قابلِ گرفت عمل ہے،مرکزی ترجمان نیشنل پارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں گوادر کے علاقے کنٹانی میں کوسٹ گارڈ کی فائرنگ سے مزدوروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوسٹ گارڈ کی جانب سے نہتے مزدوروں پر وحشیانہ طاقت کا استعمال نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ ناقابلِ برداشت اور قابلِ گرفت عمل ہے۔ یہ ایک سنگین جرم ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان نے کہا کہ محنت کش مزدور اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پالنے اور روزگار کی تلاش میں گھروں سے نکلے تھے، مگر انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ جبر، سفاکیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی بدترین مثال ہے۔ بے گناہ مزدوروں کو اس طرح موت کے گھاٹ اتارنا پوری حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس افسوسناک اور دردناک سانحے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کرائی جائیں، فائرنگ میں ملوث اہلکاروں سمیت تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
