گوادر،کنٹانی ہور میں کوسٹ گارڈ کی مبینہ فائرنگ، 4 مزدور جاں بحق اور 4 زخمی
کوسٹ گارڈ کے فائرنگ کرنے کے انتباہی اعلامیے کے بعد واقعہ، علاقے میں شدید خوف و ہراس

گوادر (قدرت روزنامہ )پاک ایران سمندری سرحد کے قریب واقع علاقے کنٹانی ہور میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں 4 مزدور جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق یہ ہلاکتیں پاکستان کوسٹ گارڈ کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جی ڈی اے اسپتال گوادر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کوسٹ گارڈ نے ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں ایرانی تیل کی غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے انتباہ دیا تھا کہ کسی بھی سرگرمی کو دہشت گردی تصور کر کے براہِ راست فائرنگ کی جائے گی۔ حالیہ واقعے میں نشانہ بننے والے افراد تیل کی ترسیل سے وابستہ بتائے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اسی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوسٹ گارڈ کے دو اہلکار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم تاحال کوسٹ گارڈ یا ضلعی حکام کی جانب سے باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
