کوئٹہ، کنٹانی میں فائرنگ دہشت گردوں کی کارروائی ہے، پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، پاکستان کوسٹ گارڈز

کوئٹہ(قدرت روزنامہ ) پاکستان کوسٹ گارڈز کا عوام الناس کے نام اہم پیغام پاکستان کوسٹ گارڈز کا ہمیشہ سے مقامی آبادی، خصوصا ماہی گیروں اور مزدور طبقے کے ساتھ احترام، اعتماد اور باہمی تعاون کا تعلق رہا ہے۔ آج کنٹانی ٹرانسپورٹ ایریا میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے اہل کاروں اور عام شہریوں کے اوپر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی،جس میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے اہلکار محفوظ رہے لیکن کچھ شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عام عوام کو گمراہ کرنے کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی طرف سے اس واقعے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی اور اس حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض غیر مصدقہ ذرائع پر بے بنیاد خبریں اور پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد عوام اور ادارے کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانا ہے تا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عناصر میں کامیاب ہو سکیں۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس پروپیگنڈا کی *سختی سے تردید کرتی ہے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 8 مئی کو کنٹانی ٹرانسپورٹ ایریا میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاکستان کوسٹ گارڈز کے 2 جوانوں کو شہید کیا گیا، تاہم اس کے باوجود ادارے نے انتہائی صبر، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عام شہریوں کی جان کے تحفظ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فائرنگ نہیں کی۔ *عوام الناس سے گزارش ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے پروپیگنڈا کا شکار نہ ہوں اور کنٹانی اور اس سے ملحقہ علاقے کو خالی کر دیں تا کہ دہشت گرد آپ کو اپنے مذموم مقاصد میں استعمال نہ کر سکیں۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پورے خلوص اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert