بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، 48 مراکز پر جرمانہ، 71 کو اصلاحی نوٹسز اور ایک بیکری یونٹ سیل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایات پر ناقص، مضرِ صحت اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف ادارے نے صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں دکی، خضدار، ڈیرہ اللہ یار، خاران اور کوئٹہ میں جاری خصوصی کارروائیوں کے دوران مختلف بیکنگ یونٹس، جنرل اسٹورز، مصالحہ شاپس، نان شاپس، آئسکریم مینوفیکچرنگ یونٹس اور اسٹریٹ فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 48 خوراک کے مراکز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 71 فوڈ بزنس آپریٹرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ علاوہ ازیں، ناقص صفائی، غیر محفوظ خوراک کی موجودگی اور بدترین مینوفیکچرنگ حالات پر ایک بیکری یونٹ کو موقع پر سیل بھی کر دیا گیا۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف تجارتی علاقوں بشمول سمنگلی روڈ، شاوکشاہ روڈ، پرنس روڈ، مسجد روڈ، ٹیکسی اسٹینڈ، نواں کلی، سریاب روڈ اور جتک اسٹاپ پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران جعلی مشروبات تیار و فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نامور برانڈز کی جعلی روح افزا اور جامِ شیریں کی 295 بوتلیں ضبط کر لی گئیں، جبکہ مذکورہ دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد نامی گرامی مراکز سے ایکسپائرڈ (میعاد ختم) اشیا خوردونوش، ممنوعہ چائنیز نمک، نان فوڈ گریڈ کلرز اور خطرناک کیمیکلز سے بنے غیر معیاری اجزا بھی برآمد کیے گئے جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سڑک کنارے پکوڑے، سموسے اور دیگر کھلے کھانے فروخت کرنے والے فوڈ پوائنٹس کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا جہاں گندے ماحول، آلودہ تیل کے بار بار استعمال اور حفظانِ صحت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق، بغیر لائسنس کے فوڈ بزنس کرنے والے متعدد یونٹس کو آخری وارننگز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی کیے گئے، جبکہ کئی کاروباری مراکز کو فوری طور پر لائسنس کے حصول اور صفائی کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کی ہدایات دی گئیں۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ غیور عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ادارے کی اولین آئینی ترجیح ہے اور عوامی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اتھارٹی حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی فروخت سے متعلق شکایات فوری طور پر درج کرائیں تاکہ ذمہ دار مافیا کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert