کوئٹہ دھماکہ؛ عید منانے کیلئے گھر جانے والے 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمیوں کی اطلاعات

کوئٹہ (قدرت روزنامہ ) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کے روز ایک ہولناک دھماکہ ہوا، جس میں عید کی چھٹیاں منانے گھروں کو جانے والے شہریوں اور ان کے خاندانوں کو نشانہ بنایا گیا، اس بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کے روز ایک ٹرین کو نشانہ بنا کر دھماکہ کیا گیا، جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے اس بزدلانہ حملے میں کم از کم 24 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب کوئٹہ سے خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور جانے والی مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس چمن پھاٹک کے قریب ایک سگنل سے گزر رہی تھی، اس دوران ایک بارود سے لدی ہوئی تیز رفتار کار ریلوے ٹریک پر آکر ٹرین کی ایک بوگی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک زوردار اور قیامت خیز دھماکہ ہوا۔

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی بوگیوں کے پرخچے اڑ گئے، قریبی عمارتوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس پارک کی گئی کم و بیش 10 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں،ایک اور اعلیٰ عسکری اہلکار نے بتایا کہ اس ٹرین میں سکیورٹی اہلکار اور ان کے فیملی ممبرز خواتین و بچے بھی سوار تھے، یہ تمام اہلکار منگل سے شروع ہونے والی عید الاضحیٰ کی چھٹیاں منانے اپنے آبائی گھروں کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں ہی انہیں نشانہ بنا لیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت یعنی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ زخمیوں کی جانیں بچانے کی سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert